قطر نے فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے پاک فوج کی مدد مانگ لی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 08, 2017 | 13:30 شام

دوحہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)قطر نے 2022 ءمیں ہونیوالے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے پاک فوج کی مدد مانگ لی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ الثانی نے کہا کہ پاکستان ایک قابل اعتماد دوست ہے اور سکیورٹی کے شعبے میں پاک فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیراعظم نے گزشتہ روز فٹ بال ورلڈکپ کی تیاریوں، سائبر سیکیورٹی اور دفاعی پیداوار میں بھی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔شیخ عبداللہ الثانی نے کہا کہ قطری عوام پاکستانی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور قطر پاکستان کو ہر سطح پر خصوصی اہمیت دیتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروادی۔