قطرحکومت نے خطوط سے لاتعلقی ظاہر کردی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 04, 2017 | 16:30 شام

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ)قطرحکومت نے شہزادہ جاسم کے خطوط سے لاتعلقی ظاہر کردی۔ پاناما کیس میں اہم ترین ثبوت سمجھے جانے والے قطری شہزادے حمد بن جاسم کے خطوط کے حوالے سے پہلی بار قطری حکومت کا باضابطہ موقف سامنے آگیاجس میں قطری حکومت نے ان خطوط سے اظہار لا تعلقی کردیا ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کو دیے جانے والے انٹرویو میں پاکستان میں تعینات قطری سفیرسقر بن مبارک المنصوری نے ان خطوط سے اظہار لا تعلقی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور قطر کی پالیسی ہے کہ

وہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرتا۔ ہماری حکومت کا قطری شہزادے کے خطوط سے کوئی تعلق نہیں یہ ایک ذاتی مسئلہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قطری شہزادے کی جانب سے بھیجے جانے والے خطوط پر ہماری حکومت کا موقف بالکل واضح ہے ، یہ خط حکومتی سطح پر جاری نہیں ہوئے اور نہ ہی یہ سفارتخانے یا وزارت خارجہ کے ذریعے آئے ہیں۔ مجھے سفارتی طور پر اس معاملے کے بارے میں کچھ اندازہ نہیں ہے بلکہ میں نے اس بارے میں صرف اخباروں میں پڑھا ہے۔

قطری سفیر کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا قطری خط جھوٹ اور جعلسازی پر مبنی ہے۔ سفیر نے قطری حکومت کا خط سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جس سے جھوٹ کا ایک اور ثبوت سامنے آگیا۔ قطری سفیر کا بیان خط کے جعلی ہونے کو تقویت دیتا ہے۔
قطری سفیر کا انٹرویو سامنے آنے کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کبھی نہیں کہا کہ خطوط کا تعلق قطری حکومت سے ہے ، یہ خطوط قطری شہزادے نے ذاتی حیثیت میں لکھے ہیں۔

واضح رہے کہ پاناما کیس میں قطری شہزادے حمد بن جاسم نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو دو خطوط لکھے ہیں جن میں شریف خاندان اور خود کے کاروباری تعلقات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قطری شہزادے کے خطوط سامنے آنے پر حکمران خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث چلتی رہتی ہے۔