روشن خیال ایرانی صدر ہاشمی رفسنجانی انتقال کر گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 08, 2017 | 17:31 شام

 

تہران :(مانیٹرنگ) ایران کے سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ایرانی خبر رساں اداروں اسنا اور فارس نیوز کے حوالے سے بتایا کہ 82 سالہ رفسنجانی اتوار کی شب حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔

اکبر ہاشمی رفسنجانی دو بار ایران کے صدر رہے اور انہیں ایران کی انقلابی سیاست میں انتہائی اہم شخصیت تصور کیا جاتا تھا۔قبل ازیں ایرانی میڈیا میں یہ خبریں چل رہی تھیں کہ اکبر ہاشمی رفسنجانی کو ناسازی طبع کی وجہ سے

تہران کے شہداء ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ایران کے مذہبی رہنما اکبر ہاشمی رفسنجانی 1989 سے1997 تک ملک کے صدر رہے، ایرانی حکومت کے سخت گیر رہنما انہیں ایک روشن خیال آواز سمجھتے تھے۔2005 کے انتخابات میں بھی رفسنجانی نے حصہ لیا تھا تاہم انہیں احمدی نژاد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس کے علاوہ رفسنجانی ایک دفعہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی رہے، بطورِ صدر انہوں نے ایران میں سیاسی ترقی سے زیادہ معاشی ترقی پر زور دیا۔2013 کے عام انتخابات میں انہیں زائد العمر ہونے کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ مل سکی تاہم کامیابی حاصل کرنے والے موجودہ صدر حسن روحانی بھی رفسنجانی کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔