ایسی چنگاری بھی یارب اپنی خاکستر میں تھی ۔مارشل لاءلگا تو امریکہ پاکستان کا تورا بورا بنادے گا،رانا افضل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 27, 2016 | 07:35 صبح

 
لاہور( خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ نے ایم این اے رانا افضل نے حافظ محمد سعید کے خلاف متنازعہ بیان کے بعد ایسا ہی بیان شاید اپنی قیادت کو خوش کرنے کے لئے اور فوج کو کوئی ہیغام دینے کے لئے دیا ہے ۔انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں مارشل لاءلگا یاجمہوریت کو چھیڑا گیا تو امریکہ پاکستان کو تورا بورا بنا دے گا۔رانا افضل نے چند ہفتے قبل کہا تھا کہ حافظ سعید کوئی انڈے دیتے ہیں جن کو ہم نے سنبھال کے رکھا ہوا ہے۔ان کا یہ بیان قومی سلامتی کے اجلاس سے خبر لیک ہونے کے بعد

آیا تھا جس خبر میں پاک فوج کو حافظ سعید اور مولانا مسعود اظہر کے پشت پناہ ہونے کا تاثر دیا گیا تھا۔رانا افضل کی طبیعت پر کرکٹ ٹیم کے پش اپ بھی گراں گزررہے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میںقومی کر کٹ ٹیم کے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں میچز کے بعد پش اپس لگانے پر رانا افضل اور برہم ہوگئے۔رانا محمد افضل خان نے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی ہے پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا تھا، مصباح الحق نے سنچری کے بعد فٹنس ثابت کرنے کیلئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا۔ بعد ازاں حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں نئی چیز ہوئی تھی جو مجھے ذاتی طور پر اچھی نہیں لگی جس پر میں نے سوال پوچھا جو میرا حق ہے، اگر پورے پاکستان کو اچھی لگی تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن کرکٹ میں اگر کھلاڑی امپائر کو گھور کر بھی دیکھتا ہے تو اس کا بھی کوئی مطلب ہوتا ہے اگر یہ کرکٹ کے علاوہ کبڈی یا اس طرح کو کوئی دوسرا کھیل ہوتا تو مجھے کوئی اعتراض نہ ہوتا۔ دریں اثنا ٹویٹر پر نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے پش اپس پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، کوئی کھلاڑی سنچری بناتا ہے تو بے شک 100 پش اپس لگائے۔ پی سی بی آرمی کی فٹنس ٹریننگ کا معترف ہے جیت پر سجدہ یا پش اپس کھلاڑی کی صوابدید ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نرم و نازک جمہوریت کو اب پش اپس سے بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ پش اپس سے کاکول اکیڈمی کی خوشبو آتی ہے اور اس سے حکمران ڈرتے ہیں۔