نومبر : زور آزمائی کی تو دھلائی ہو گی،رانا ثنااللہ نے اعلان کر ڈالا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 18, 2016 | 17:19 شام
لاہور(ویب ڈیسک)وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے دو نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی دیوانے کی بڑھک ہے، زور آزمائی پر دھلائی کا آپشن بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ احتجاج کا انحصار پی ٹی آئی کے طرز عمل پر ہے، مشروط اور پرامن احتجاج کی اجازت مل سکتی ہے لیکن زور آزمائی پر دھلائی کا آپشن بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہیں اس بیماری کا علاج ہمارے پاس نہیں، اس فرسٹریشن کا علاج پی ٹی آئی کو خود کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو ریاست کی جگ ہنسائی کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عوام کی تائید و حمایت حاصل ہے اور یہی عمران خان کا اصل مسلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات کے نتائج بھی عمران خان کے سر پر سوار ہیں، وہ عوامی محاسبے کے لئے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی قوت عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2 نومبر کے احتجاج پر حتمی فیصلہ اسلام آباد میں ہونا ہے، تاہم پنجاب سے شرپسندوں کو جانے نہیں دیا جائے گا۔