شہبازشریف نے پنجاب میں رینجرز طلب کرنے پر ہاں کردی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 19, 2017 | 18:09 شام

 لاہور(مانیٹرنگ)پنجاب حکومت نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد انسداد دہشت گردی کیلئے جاری آپریشن میں رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری سرکاری بیان میں رینجرز سے مدد لینے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا تاہم اسکی تفصیلات کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ بیان کے مطابق رینجرز سے مدد لینے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات علیحد ہ سے طے کی جائیں گی۔ اجلاس میں طے ہوا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام انی

ٹلی جنس اداروں کے درمیان تعاون مزید بہتر بنایا جائیگا اور صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔ پنجاب کی صوبائی ایپکس کمیٹی نے لاہور خودکش حملے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان مہاجرین کی غیرقانونی نقل و حرکت کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ پنجاب کے سرحدی اضلاع کی کڑی نگرانی کی جائیگی اور صوبہ بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کیا جائیگا۔ کالعدم تنظیموں کیخلاف بلاامتیاز ہر جگہ کارروائی کرنے اور ان تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے کارندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور اور ڈی جی رینجرز پنجاب سمیت اعلی سول حکام شریک تھے۔ اجلاس 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں لاہور دھماکے کے ذمہ داروں کی گرفتاری اوردہشت گرد نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس ضمن میں محکمہ انسداد دہشت گردی، پنجاب کی بروقت اور موثر کارکردگی کی تعریف کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن ہوگا۔ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو پناہ دینے والوں کو بھی نہیں چھوڑا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کے تمام ذرائع بند کئے جائیں گے اور سی پیک کے منصوبوں اور غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنایا جائیگا۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کی تعریف کی گئی۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی، عسکرےت پسندی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور دہشت گردی، عسکرےت پسندی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مزید مربوط اور موثر انداز میں تیزرفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر اعلی نے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں کسی کو آگ اور خون کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستانی عوام کا مقدر نہیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔ شہدا کے قیمتی خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر ناز ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ملکر کردار ادا کرنا ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔