اداکارہ کے ساتھ گاڑی میں ایسا کیا ہوا کہ انہیں چلتی گاڑی سے چھلانگ لگانا پڑی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 24, 2016 | 19:03 شام
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت کی مقامی فلم نگری ٹالی ووڈ کی معروف اداکارہ رشمی گوتم نے اپنے ساتھ گاڑی میں جنسی زیادتی کی کوشش کا انکشاف کیا ہے۔
بھارت میں خواتین سے زیادتی کے واقعات عام ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو بھارت کے سفر سے گریز کی ہدایات جاری کررکھی ہیں جب کہ بھارتی معاشرے میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات اس قدر عام ہوچکے ہیں کہ فلم نگری کی کئی اداکارائیں بھی متاثرین میں شامل ہیں تاہم اب ایک اور مشہور اداکارہ نے جنسی زیادتی کی کوشش کا اعتراف کرکے سب کو چونکا دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل فلموں کی معروف اداکارہ رشمی گوتم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ کسی کام کے سلسلے میں کرائے کی کار کے ذریعے کرنول شہر جارہی تھیں کہ دوران سفر نیند آگئی تاہم آنکھ کھل جانے پر گاڑی کا روٹ بدل چکا تھا جس پر میں نے چلانا شروع کیا تو ڈرائیور شارٹ کٹ راستے کا بہانہ بنا کر بحث کرنے لگا۔رشمی گوتم نے کہا کہ بحث کے دوران ڈرائیور نے دست درازی کی کوشش کی جس پر میں نے گاڑی سے کود کر اپنی جان بچائی تاہم خوف کے باعث پولیس کارروائی سے گریز کیا اور کافی عرصے تک اس واقعے کا کسی سے ذکر بھی نہیں کرپائی۔واضح رہے کہ اداکارہ رشمی گوتم تامل فلموں کے علاوہ بالی ووڈ فلموں ’’ویلڈن ابا‘‘اور’’لاگ ان‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جب کہ آج کل میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دے رہی ہیں۔