فلم سٹار ریما آگ لگنے سے جھلس گئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 29, 2016 | 05:16 صبح
ممبئی (مانیٹرنگ)ہندوستان کی معروف اداکارہ ریما لاگو اپنے ڈرامے ’نام کرن‘ کی شوٹنگ کے دوران جھلس کر زخمی ہوگئیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ریما لاگو اپنے ڈرامے کی آنے والی ایک قسط کی شوٹنگ کررہی تھیں، اسکرپٹ کے مطابق ریما لاگو کو اس سین میں خود کو جھلستے ہوئے ہی دکھانا تھا۔
تاہم اس سین کی شوٹنگ کے دوران ریما کی ساڑھی میں آگ لگ گئی، کاٹن کی ساڑھی ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، جسے ریما نے اپنے ہاتھ سے بھجانے کی کوشش کی۔
آگ کے باعث ریما کا ہاتھ جل گیا تاہم رپورٹس کے مطابق اب وہ پہلے سے بہتر ہیں۔
بعدازاں اپنے بیان میں ریما لاگو کا کہنا تھا ’میں اب بہتر ہوں اور جلد ہی کام شروع کردوں گی، زخم زیادہ گہرا نہیں تھا اور یہ 4 سے 5 دنوں میں ٹھیک ہوجائے گا‘۔
واضح رہے کہ ریما لاگو نے بولی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’قیامت سے قیامت تک‘، ’ساجن‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ شامل ہیں۔