ایسی وزارت اور ایسے ایم این اے سے لنڈورے ہی بھلے،عبدالحکیم بلوچ کا استعفیٰ منظور

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 03, 2016 | 18:46 شام

کراچی( ویب ڈیسک)پانچ ماہ بعدوزیر مملکت برائے مواصلات رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کا استعفیٰ قومی اسمبلی کے سپیکر نے منظور کرلیا۔عبدالحکیم بلوچ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 2013ء کے الیکشن میں کراچی کے علاقے ملیر سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ عبدالحکیم بلوچ نے استعفے میں موقف اختیار کیا ہے وزیراعظم کو پہلے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکا ہوں میرے حلقے میں کوئی ترقیاتی فنڈ جاری نہیں کئے گئے اپنے حلقے میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے سے قاصر ہوں اور میری وزارت میں بھی مداخلت کی جا رہی ہے اس لئے
استعفیٰ دے رہا ہوں۔ بے اختیار وزارت کس کام کی‘ حلقے کے لوگوں کے کام نہ کرا سکوں تو وزارت کا پروٹوکول کیا کرنا‘ پہلے بھی ایک دو بار استعفیٰ دیا ہر بار وزیراعظم کی یقین دہانی پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا مگر اس بار استعفیٰ واپس نہیں لوں گا اور بحیثیت رکن قومی اسمبلی اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کروں گا۔ حلقہ این اے 258 ملیر کراچی سے منتخب شدہ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جنرل الیکشن 2013ء میں کراچی سے مسلم لیگ ن کو واحد نشست میں نے جیت کر دی تھی۔ مجھے وزیر مملکت تو بنادیا گیا مگر میں بے اختیار تھا۔