ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی فلم انڈسٹری میں راج کپور کو جو مقام حاصل ہوا وہ شاید دوسرا کوئی اداکار حاصل کرنے میں ناکام رہا لیکن فلم دنگل کی شاندار کامیابی کے بعد رشی کپور نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو بھارت کا نیا راج کپور قرار دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم دنگل نے بھارت سمیت دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے اور صرف 8 روز میں ہی فلم نے 300 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا تھا۔ بالی ووڈ اسٹارز کی جانب سے عامر خان کو فلم کی شاندار کامیابی پر ہر طرف سے مبارکبادی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔سلمان خان نے فلم دنگل سے متعلق کہا کہ ان کے گھر والوں نے عامر خان کی فلم کو میری فلم سلطان سے اچھا قرار دیا ہے
جب کہ سیف علی خان نے کہا کہ عامر خان ایک غیر معمولی اداکار ہیں اور ان کی فلم کی کامیابی کا پہلے سے ہی اندازا تھا۔
اب بھارتی اداکار رشی کپور نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنگل دیکھنے کے بعد مجھے ایسا لگا کہ عامر خان آج کے راج کپور ہیں، جو ہمارے زمانے کے بہترین اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر تھے۔ انہوں نے عامر خان کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی۔