طیارہ حادثے نے ہم سے جنید جمشید جیسے انسان کو چھین لیا ہے، رشی کپور
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 08, 2016 | 20:10 شام
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور نے گزشتہ روز حویلیاں کے مقام پر طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں جنید جمشید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بالی ووڈ اسٹار رشی کپور نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رشی کپور کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس واقعے نے ہم سے جنید جمشید جیسے انسان کو چھین لیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ صوفی چوہدری نے بھی جنید جمشید کی موت پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ کم عمری میں ان کے ساتھ گیت گایا ہے اور یہ پاپ کے آئیکون سمجھے جاتے تھے لہٰذا جنید جمشید سمیت تمام جاں بحق افراد کے لیے دعاگو ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد جانے والا طیارہ پرواز حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہوگیا جس میں عملے کے ارکان سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ طیارے میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اہلخانہ کے ہمراہ سوار تھے۔