’اگر ہوائی جہاز کے حادثے میں بچنا چاہتے ہیں تو ....... ماہرین نے مسافروں کو سب سے مفید ترین مشورہ دے دیا
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)فضائی حادثات کی شرح دیگر حادثات کی نسبت بہت کم ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر 12لاکھ پروازوں میں سے ایک حادثے کا شکار ہوجاتی ہے، لیکن بدقسمتی سے اگر آپ کسی ایسی پرواز میں سوار ہوں تو آپ کو ضرور معلوم ہونا چاہیے کہ ایسی صورتحال میں جان بچانے کے لئے کیا کرنا ہے۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ ائیرلائن کی سابقہ فضائی میزبان شیرل اے شوارٹز نے فضائی ایمرجنسی کی صورت میں جان بچانے کے لئے کچھ اہم ترین اقدامات کی تفصیلات ویب سائٹ کیورا پر شیئر کی ہیں۔ شیرل کہتی ہیں کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ کو فضائی ایمرجنسی کی صورت میں معلوم ہونا چاہیے کہ آپ نے کیا کرنا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ جب آپ جہاز میں سوار ہوں تو سب سے پہلے یہ حساب لگائیے کہ آپ کی سیٹ سے کتنی قطاریں چھوڑ کر جہاز سے نکلنے کا راستہ دستیاب ہے۔ اکثر اوقات ہنگامی صورتحال میں طیارے کے اندر دھواں بھر چکا ہوتا ہے اور آپ صرف سیٹوں کو ٹٹول کر باہر نکلنے کے راستے تک نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ اسی طرح آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہنگامی اخراج کا راستہ کیسے کھولا جاتا ہے اور خصوصاً پروں کے اوپر واقع کھڑکیوں کو کھولنے کا طریقہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے۔یہ بھی ضروری ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں آپ کی سیٹ بیلٹ مضبوطی سے بندھی ہو۔ محفوظ ترین پوزیشن اختیار کرنے کے لئے اپنے بازوﺅں کو سامنے والی سیٹ پر اوپر تلے رکھیں اور اپنے سر کو ہاتھوں کے اوپر رکھ لیں۔ اگر آپ کے سامنے کوئی سیٹ نہ ہو تو جسم کو نیچے جھکاتے ہوئے بازوﺅں کو گھٹنوں کے گرد لپیٹ لیں اور اپنا سر گھٹنوں پر رکھ لیں۔ آپ کے اردگرد گرتی ہوئی اشیاءآپ کو چوٹ پہنچا سکتی ہیں، لہٰذا کوئی کمبل، جیکٹ یا اسی طرح کی کوئی بھی چیز دستیاب ہو تو اسے خود پر لپیٹ کر اپنے آپ کو محفوظ بنائیں۔ کوشش کریں کہ اپنا دستی بیگ سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھیں۔ اگر طیارہ مکمل تباہی سے بچ بھی جائے تو مسافروں کو تقریباً ڈیڑھ منٹ کے اندر باہر نکل جانا چاہئیے۔ اس صورت میں اپنے قریبی ترین ہنگامی اخراج کے راستے کی جانب بڑھیں۔ ایسی صورت میں اپنے سامان کی ہرگز فکر نہ کریں بلکہ اپنی جان بچائیں۔ اپنا بیگ اور خصوصاً لیپ ٹاپ وغیرہ اپنی سیٹ پر ہی چھوڑ کر باہر نکلنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوجائیں تو فوری طور پر دوڑ لگائیں اور طیارے سے زیادہ سے زیادہ دور جانے کی کوشش کریں۔ طیارہ گرنے یا ہنگامی لینڈنگ کی صورت میں اس میں آگ بھڑکنے کا شدید خطرہ موجود ہوتا ہے لہٰذا جلد از جلد اس سے دور جانے کی کوشش کریں، کیونکہ ایسے وقت پر ایک ایک سیکنڈ آپ کی جان بچانے کے لئے اہم ہوتا ہے۔