حکومت کی ایسی پالیسیاں قابل مذمت ہیں،یہ چل سکتی ہیں نہ حمایت کرسکتا ہوں،ساجد میر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 02, 2017 | 06:31 صبح

لاہور (مانیٹرنگ)ن لیگ کی دیرینہ  اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی نظر بندی اور ملک بھر میں بھارتی فلموں کی نمائش کے  حکومتی فیصلے کی مخالفت کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت  کو عجلت میں فیصلے نہیں کرنے چاہییں،  بغیر کسی جرم کے کسی بھی شہری کو نظر بند یا حراست میں نہیں رکھا جاسکتا، ان دونوں فیصلوں سے بھارت اور امریکہ تو خوش ہوسکتے ہیں پاکستانی عوا م ہرگز نہیں، پاک فوج ’’قومی مفاد ‘‘ کو سامنے لائے ،اسی طرح فیصلے کئے گ

ئے تو کل ہمیں دینی مدارس اور قانون توہین رسالت ﷺ پر بھی عالمی دباو قبول کرنا پڑے گا ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون  کی دیرینہ حلیف جماعت اور نون لیگ کے کوٹے سے مسلسل 5 مرتبہ سینیٹر منتخب ہونے والے پروفیسر ساجد میر نے حافظ سعید کی گرفتاری ،فلاح انسانیت فاونڈیشن کو شیڈول 2 میں شامل کرنے اور ملک بھر میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  حافظ سعید کی نظر بندی اور بھارتی فلموں کی اجازت غیر دانشمندانہ فیصلے ہیں، حکومت کو عجلت میں اس طرح کے  فیصلے نہیں کرنے چاہییں، بغیر کسی جرم کے کسی بھی شہری کو نظر بند یا حراست میں نہیں رکھا جاسکتا، ان دونوں فیصلوں سے بھارت اور امریکہ تو خوش ہوسکتے ہیں پاکستانی عوا م ہرگز نہیں۔سینیٹر ساجد میر  کا کہنا تھا حافظ محمد سعید اور انکی جماعت کے ساتھ بعض امور پر اختلاف رائے کے باوجود ہم انکے ساتھ غیر قانونی حکومتی رویے کی مذمت کرتے ہیں، فوجی ترجمان کی طرف سے یہ کہنا کہ حافظ محمد سعید کی نظربندی کا فیصلہ ریاست نے قومی مفاد میں کیا، وہ قومی مفاد کیا ہے ؟ اسکو سامنے لایاجائے،عالمی دباؤ کے تحت ہی ہم نے اگرفیصلے کرنے ہیں تو کل کو دینی مدارس پر بھی انگلیاں اٹھیں گی، قانون توہین رسالت ﷺ ختم کرنے کی باتیں بھی کی جاتی ہیں، کیا ہم اس پر بھی عالمی دباؤ قبول کرلیں گے اور کل کو اسے بھی ہم قومی مفاد کا نام دے دیں گے؟

پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ عالمی مطالبات کے سامنے ہم لیٹتے رہے تو پھر بریک نہیں لگے گی، حافظ محمدسعید کو عین ان دنوں میں جب پوری قوم 5  فروری یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں میں مصروف ہے نظر بند کردینا کسی بھی لحاظ سے درست فیصلہ نہیں، اس کا صاف مطلب ہے کہ ہم امریکہ اور بھارت کے تازہ گٹھ جوڑ اور دباؤ کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت  بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت کا فیصلہ واپس  اور حافظ محمد سعید کی نظر بندی ختم کرے