سلمان احمد کا جنید جمشید کی موت پر افسوس کا اظہار

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 08, 2016 | 18:43 شام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)— جنید جمشید کے دیرینہ ساتھی اور ان کے پہلے بینڈ 'وائٹل سائنز' کے گٹارسٹ سلمان احمد کو ان کی موت کی خبر کراچی سے نیو یارک آتے ہوئے فلائٹ میں ملی۔وائس آف امریکہ اردو کو اپنی فلائٹ سے ایک ای میل کے ذریعے پیغام دیتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ، ’’میں اب بھی کراچی سے نیو یارک آنے والی فلائٹ میں ہوں اور مجھے جہاز پر ہی اپنے بھائی جنید جمشید کی فلائٹ پی کے 661 کے حادثے میں کئی دوسرے لوگوں کے ساتھ موت کی خبر ملی ( اللہ ان کی روح کو سکون دے)۔ میں ان کو بہت یاد کروں گا۔ وہ پاکستان کی ایک بڑی شخصیت تھے۔ وہ جہاں بھی گئے انھوں نے امن ، محبت اور امید کو پھیلایا۔ میں نے ان کے ساتھ آخری بار نغمے ’چاند ستارا‘ پر کام کیا تھا‘‘۔سلمان احمد آج نیو یارک پہنچ رہے ہیں۔ سلمان احمد اور جنید جمشید کا ساتھ پاکستان کے مشہور نغمے ’دل دل پاکستان‘ سے ہے، جسے دونوں نے مل کر لکھا اور گایا تھا۔ شعیب منصور نے اسے پروڈیوس کیا تھا۔ جبکہ سلمان احمد اور جنید جمشید کے ساتھ گائے ہوئے آخری نغمے ’چاند ستارا ‘ کو بھی شعیب منصور نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا تھا۔وائس آف امریکہ نے شعیب منصور سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔