زندہ کرنے کا تجربہ‘ دنیا میں ہلچل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 05, 2016 | 12:32 شام

سان فرانسسکو(شفق ڈیسک) سان فرانسسکو میں واقع گولڈ سٹون انسٹیٹیوٹ نے ایک دو نہیں بلکہ 5500 مختلف کیمیکلز کی آزمائش کی جو دل کے دورے کے بعد متاثر، بیمار اور مردہ ہو جانیوالے پٹھوں اور خلیات کو دوبارہ صحت مند بنا سکتے ہیں لیکن ان میں سے 2 کیمیکل اس عمل میں نہایت اہم ثابت ہوئے ہیں۔ دل کے شدید دورے کے بعد دل کو جوڑے رکھنے والے ٹشوز (بافتیں) شدید متاثر ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسکے بعد دل کا دورہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کیلئے ماہرین بعض پروٹین استعمال کرتے ہوئے کینیکٹو ٹشوز کو ری پروگرام کرتے ہیں جس سے وہ بہتر ہو جاتے ہیں لیکن اسطرح سے صرف 10 فیصد ٹشوز ہی بحال ہوپاتے ہیں۔ اس پر کام کرنیوالے سائنسدان کا کہنا ہے کہ نیا کیمیکل اس سے زیادہ مقدار میں دل کے پٹھوں اور ٹشوز کو دوبارہ بحال کر سکتا ہے۔ سائنسدان کیمطابق انہوں نے تحقیقات میں 2 اہم حیاتیاتی راستے تلاش کئے ہیں جو دل کے خلیات کو فطری طریقے سے زیادہ تیز، موثر اور مضبوط بناتے ہیں۔ ماہرین نے چوہوں پر کئے گئے تجربات کے بعد مرمت ہونیوالے قلبی خلیات کو مجبور کیا کہ وہ پہلے سے موجود دل کے صحت مند خلیات میں جذب ہوکر حصہ بن جائیں تاکہ دل اچھی طرح کام کرتے رہے۔ تحقیق میں شامل ایک اور ماہر ڈاکٹر نے کہا کہ دنیا بھر میں ہارٹ فیل کا مرض لاکھوں کروڑوں افراد کیلئے پیچیدہ مشکلات پیدا کر رہا ہے اور اب تک اسکا کوئی بہت موثر طریقہ سامنے نہیں آسکا اس لئے امید ہے کہ یہ طریقہ جین تھراپی کیساتھ مل کر مریضوں کے دل کیلئے بہت مفید و موثر ثابت ہوسکتا ہے۔