سراج الحق نے عافیہ صدیقی کی موت کو قوم کی موت قرار دیدیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 12, 2017 | 14:22 شام

لاہور( مانیٹرنگ ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل میں موت پاکستان کی پوری غیرت مند قوم کی موت ہوگی، ریاستِ پاکستان باراک اوبامہ سے مطالبہ کرے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے خصوصی اختیارات کا استعمال کرے۔تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ رواں ماہ 20 جنوری کو امریکی صدر باراک اوبامہ کی مدت ختم ہونے والی جسکے بعد نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھائے گے، اوبامہ نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جس طرح 1300 قیدیوں کو رہا کیا ہے ویسے ہی اگر حکومت پاکستان اوبامہ حکومت سے درخواست کرے تو 100 فیصد چانسز موجود ہیں کہ امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کر دےگا جسکے لیے میں وزارت خارجہ سے بات کروں گا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں سینیٹ میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے آواز اٹھاؤں گا لیکن وقت بہت کم ہے اس لیے حکومتِ پاکستان کو چاہیئے کہ امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ سے متعلق اپنی آواز اٹھائے کیونکہ عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں اور ہمارے اوپر ہر لحاظ سے قرض ہے کہ ہم اسکی رہائی کے لیے کوششیں کریں۔