سرفراز احمد کو بھی پریشانی کا سامنا وطن واپسی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 10, 2017 | 18:51 شام

برسبین(مانیٹرنگ ڈیسک):پاکستانی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد والدہ کی علالت کے سبب وطن واپس آرہے ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر امجد بھٹی نے برسبین سے بی بی سی کو بتایا کہ سرفراز احمد کی والدہ شدید بیمار ہیں اور وہ فوری طور پر وطن واپس جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے ان کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو آسٹریلیا بھیجنے کی ابھی کوئی درخواست نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو دو دن میں اپنے دو کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان اپنی

والدہ کے انتقال کے سبب وطن واپس آ رہے ہیں اور اب سرفراز احمد کی بھی اپنی والدہ کی شدید بیماری کے سبب وطن واپسی ہورہی ہے۔سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر کسی دوسرے وکٹ کیپر کو آسٹریلیا بھیجنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ محمد رضوان پہلے ہی ٹیم میں موجود ہیں اور عمراکمل بھی وکٹ کیپنگ کر لیتے ہیں۔محمد عرفان کے متبادل کے طور پر فاسٹ بولر جنید خان کو آسٹریلیا روانہ کیا جا چکا ہے جبکہ اس سے قبل آل راؤنڈر محمد حفیظ کو سولہویں کھلاڑی کے طور پر آسٹریلیا بھیجا گیا ہے جو پہلے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں تھے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعہ کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔