سعودی عرب بس حادثے میں چھ برطانوی شہری ہلاک اور کئی زخمی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 19, 2017 | 19:09 شام

سعودی عرب(مانیٹرنگ ڈیسک):برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں چھ برطانوی شہری ٹریفک کے ایک حادثے میں ہلاک جبکہ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔یہ بات واضح ہے کہ مکہ میں موجود یہ گروہ ایک منی بس کو پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہوا۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گلاسگو سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا اور مانچسٹر کے قریبی علاقے لیونشلمی سے آنے والے ایک خاندان کے چار افراد اس حادثے میں مارے گئے ہیں۔اس بس پر 12 افراد سوار تھے جن میں سے کئی دیگر برطانوی زخمی بھی ہوئے ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ان کے

رشتہ داروں کو قونصل خانے کی جانب سے مدد فرام کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں سڑک کے حادثے میں ہلاک ہونے والے چھ برطانوی افراد کے خاندان والوں کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔‘انھوں نے مزید بتایا کہ ’ہم دیگر زخمی ہونے والے برطانوی شہریوں کی بھی مدد مہیا کر رہے ہیں۔‘’اس مشکل وقت میں ہماری نیک تمنائیں متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے موجود تھے۔فیس بک پر گلاسگو کی مرکزی مسجد کی جانب سے ہلاک ہونے والے جوڑے کے لیے دعائیں کی گئی ہیں۔مسجد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ دونوں افراد عمرہ کی ادائیگی کے بعد اسی منی بس میں سفر کر رہے تھے جس کو یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔