کراچی میں 22 سے 25 نومبر تک سیکیورٹی کے انتظامات سخت

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 20, 2016 | 21:29 شام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک): دفاعی نمائش آئیڈیاز کے انعقاد کے موقع پر غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کےلئے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔دفاعی نمائش آئیڈیاز کے انعقاد کے موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے غیر معمولی سیکیورٹی کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ایکسپو سینٹر کراچی کے اطراف اور اندرونی حصوں سمیت تمام مرکزی گیٹس پر کڑی نگرانی اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت پولیس کے خصوص

ی تربیت یافتہ دستوں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ اور کلیئرنس کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چار روزہ نمائش میں شرکت کرنے والے غیرملکی مندوبین اور دیگر معروف تجارتی وصنعتی شخصیات کے ساتھ شہریوں کے لیئے بھی سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے اور اس حوالے سے ایکسپو سینٹر اور نمائش کے منتظمین سے مشاورت اور تمام مندوبین کی فہرستوں کو سامنے رکھتے ہوئے ائیرپورٹ تا ایکسپوسینٹر روٹس پر پولیس پکٹنگ اور گشت سمیت مختلف پوائنٹس پر اسنیپ چیکنگ کے تحت تمام تر حفاظتی اقدامات کو ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی مندوبین کے قیام کے مقامات پر تھانہ پولیس اور اسپیشل برانچ سندھ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے معلومات کی شیئرنگ کو اہمیت دی جائے۔ انہوں نے نمائش کے دنوں کے حوالے سے مرتب کردہ ٹریفک پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں بھی ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی کے ضمن میں متبادل روٹس پر ٹریفک افسران اور جوانوں کی تعیناتی کے ساتھ متبادل روٹس سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔پولیس کی طرف سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ 22 تا 25 نومبر جاری رہنے والی نمائش کی سیکیورٹی کے لئے 3300 پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کیا جائے گا جس میں خواتین سمیت ریپڈ ریپانس فورس کی چار ریزروپلاٹونز سمیت 1450 افسران و جوان بھی شامل ہونگے۔