شادی کے چار گھنٹے بعد ایسا کیا ہوا کہ دلہن سمیت سب گھر والوں کی زندگی ویران ہو گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 27, 2017 | 18:39 شام

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی کی تقریب میں خوشیاں ہوتی ہیں، قہقہے ہوتے ہیں اور شادیانے بجتے ہیں۔ ایسی شادی کا ماحول کیسا ہو گا جس میں شامل مہمانوں اور دلہن کو معلوم ہو کہ شادی کے فوری بعد دولہا دنیا سے رخصت ہو جائے گا؟ دل گرفتگی، دردوکرب اور آنسوﺅں کے درمیان ایسی ہی ایک شادی گزشتہ روز برطانیہ میں دیکھنے میں آئی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ شادی 31سالہ ٹونی کوان نامی دولہا کی تھی، کچھ عرصہ قبل جس کی کار کو حادثہ پیش آیا اور گردن پر شدید چوٹ لگنے سے اس کی ریڑھ کی ہڈی کے مہرے ٹوٹ گئے۔ تب سے

ٹونی ہسپتال میں لائف سپورٹ پر تھا۔رپورٹ کے مطابق اس کا درد بتدریج بڑھتا ہوا ناقابل برداشت حد تک پہنچ گیا جب اس نے اپنی 29سالہ منگیتر کیرن ڈیوسن کے ساتھ شادی کرکے اور پھر لائف سپورٹ ہٹا کر موت کی آغوش میں جانے کا فیصلہ کر لیا۔ ٹونی اور کیرن گزشتہ 12سال سے منگیتر تھے۔ چنانچہ یہی کیا گیا۔ دونوں کی ہسپتال میں شادی ہوئی جس کے 4گھنٹے بعد ہی ٹونی کی لائف سپورٹ ہٹا دی گئی اور وہ ابدی نیند سو گیا۔کیرن کا کہنا ہے کہ ”ہماری شادی میں صرف خاندان کے لوگ شریک ہوئے تھے۔ میں خوش بھی تھی اور انتہائی تکلیف میں بھی، کیونکہ میں جانتی تھی کہ اس شادی کے بعد کیا ہونے والا ہے۔“حقیقت کو جانتے ہوئے بھی میں اس کی آخری خواہش پوری کرنا چاہتی تھی۔