بھارت:خاتون کی پے در پے 11 شادیاں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 18, 2016 | 21:05 شام

کیرالا(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت میں 11 مردوں سے شادی کر کے نقدی اور سونے کے زیورات لوٹ کرفرار ہونے والی خاتون کو پولیس نے بالآخر گرفتار کر لیا۔آپ نے یقیناً  فلموں میں اس طرح کی کہانیاں دیکھی ہوں گے جہاں دلہن شادی کر کے اگلے ہی دن تمام پیسے اور زیورات لوٹ کر فرار ہوجاتی ہے، بالخصوص فلم ’’ڈولی کی ڈولی‘‘ جس میں اداکارہ سونم کئی امیر لڑکوں سے شادی کر کے دوسرے دن فرار ہوجاتی ہیں لیکن اب ایک بھارتی لڑکی نے حقیقی زندگی میں ہی 11 افراد کو بے وقوف بنا دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی رہائشی 28 سالہ میگھنا نے 11 امیر افراد سے شادی رچائی اور کچھ ہی دن بعد لاکھوں روپے مالیت کا زیور اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئی، واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بھارتی شہر کوچی سے تعلق رکھنے والے متاثرہ شخص لارین جسٹن نے لڑکی کے خلاف رپورٹ درج کرائی کہ اس کی بیوی 15 لاکھ کے قریب مالیت کے زیور اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئی ہے جس کے بعد پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی اور پھر 2 ماہ بعد میگھنا کو بہن اور بہنوئی سمیت گرفتار کرلیا۔تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ میگھنا شادی کے لیے امیر لیکن شکل و صورت میں معمولی یا کسی جسمانی کمزوری والے شخص کو پھنساتی تھی جب کہ میگھنا کی خوبصورتی کے باعث لوگ باآسانی اس کے شکنجے میں پھنس جاتے تھے۔ اس کے بعد میگھنا ان سے شادی کر کے چند دن بعد جیسے ہی موقع ملتا مشروب میں نشہ آور چیز ملا کر انہیں پلاتی اور سب کچھ لوٹ کر فرار ہو جاتی تھی۔