وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کابڑااعلان، طلباوطالبات کےدل خوش کردیے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 03, 2017 | 11:20 صبح

لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔جبکہ طلباءو طالبات کے لئے چار ہاسٹلز کی تعمیر اور یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے لئے 5 کروڑ روپے فراہم کرنے، اساتذہ و ملازمین کے لئے رہائشی کالونی میں گھر اور فلیٹس کی تعمیر اور 10 بسوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی ہے۔اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ماڈل ٹاﺅن میں ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔وزیر اعل

یٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیف سکالرشپ میں پنجاب یونیورسٹی کے حصے میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس منعقد ہوئے جن میں کسان پیکیج پر عملدرآمد اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام، توانائی کے منصوبوں، خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران بنکوں سے بلا سود قرضوں کے حصول کیلئے عائد مخصو ص فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں پارٹنر بنکوں نے ٹائم لائن کے اندر مقرر اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نےکہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزیر خزانہ پندر ہ دن کے بعد جبکہ میں ہر ماہ اجلاس کی صدارت کروں گا۔صوبائی وزراءڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، میاں عطا محمد مانیکا، نعیم اختر بھابھہ، مشیران ڈاکٹر اعجاز نبی، ڈاکٹر عمر سیف ، چیئرمین پی ایل آراے رانا بابر حسین، چیف سیکرٹری ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان ، پارٹنر بنکوں کے حکام اور متعلقہ اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔توانائی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں جرمنی کی کنسلٹنٹ کمپنی لے مائر انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹربرائے انرجی ڈویڑن مائیکل وونی مین اوردیگر ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیس پاور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ جرمنی کی کنسلٹنٹ کمپنی لے مائرانٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹربرائے انرجی ڈویڑن مائیکل وونیمین کی جانب سے منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات اورخواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات کیلئے وزیراعلی نے چار سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی اورکہا کہ یہ کمیٹیاں اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کریں گی۔صوبائی وزرا ذکیہ شاہنواز،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،حمیدہ وحید الدین،خواتین اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔