2022 ,دسمبر 12
وزیراعظم شہباز شریف نے دھواں دار پریس کانفرنس کی۔ عمران خان پر غصے میں ان کے جسم سے دھواں اٹھ رہا تھا اور زبان سے انگارے برس رہے تھے۔ انہوں نے عمران خان کو خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی فروخت کرنے پر گھٹیا حرکت کا مرتکب قرار دیا کہ یہ کوئی بیچنے کی چیز تھی۔
اس جھوٹ کو بھی مزید زوردار طریقے سے پھیلایا کہ ڈیلی میل نے ہم سے معافی مانگ لی ہے جس سے عمران خان کے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہو گئے ہیں۔
ڈیلی میل میں معافی صرف اس بات پر مانگی ہے کہ اس نے یہ کہا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف نیب بھی کارروائی کر رہا ہے حالانکہ ایسا نہیں تھا۔ ڈیوڈ روز نے برملا واضح کہا کہ صرف اس ایک پورشن پر معذرت کی گئی ۔
شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے آرہی ہیں۔ ایک روز قبل میاں نواز شریف نے بھی شہباز شریف کے سرخرو ہونے کا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران پر50ارب کی کرپشن سامنے آئی تو رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔
دیر کس بات کی ہے میاں صاحب لائیں عمران خان کی کرپشن سامنے۔ بات50ارب کی کرتے ہیں اور بات آجا کے گھڑی پر ختم ہو جاتی جس کی فروخت کو اب شہباز شریف توہین مذہب کا رنگ دینے کی سازش کر رہے ہیں۔