ہم نیازی صاحب کی طرح تو نہیں ہیں ناں: چھوٹے میاں نے ایک اور شوشہ چھوڑ دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 05, 2017 | 05:50 صبح

لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے ہیڈ بلوکی میں گیس سے 1200 میگاواٹ بجلی کے پیداواری یونٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ دھرنوں اور ہڑتالوں کے باوجود ترقیاتی کام جاری ہیں۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلیے تیز رفتاری سے کام جاری ہے، بجلی کےتمام منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کالاباغ ڈیم منصوبے پر کام نہیں کرسکتے، ہیڈ بلوکی پاور اسٹیشن کے منصوبے میں تقریباً 40 ارب روپے بچائے گئے ہیں، اس کی لاگت گڈو پاورپلانٹ کےمقابلے میں تقریباً آدھی ہے، 112 ارب روپے کی بچت پاکستان کے خزانے کیلیے بہت بڑی کامیابی ہے، بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جب کہ گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کم ہوگی۔

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا پاناما کیس کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمیں عدالت عظمیٰ پرپورا  یقین رکھنا چاہیے، نیازی صاحب کا بیان ججوں کی تضحیک ہے، جس قوم میں انصاف مل رہا ہو وہ قوم کبھی ہارا نہیں کرتی۔ ہمیں عدالت کے فیصلے کو من وعن ماننا ہوگا، ہم نیازی صاحب کی طرح نہیں کہ فیصلہ حق میں آئے تو افتخارچوہدری اور ناصرالملک اچھے  اور اگر فیصلہ خلاف آگیا توان سے برا کوئی جج نہیں، یہ زیادتی ہے اور انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے