پاناما کیس مزید مضبوط، قطری خط کے پرخچے اڑادیں گے۔شاہ محمود قریشی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 05, 2017 | 17:40 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نئے ثبوت آنے کے بعد پاناما کیس مزید مضبوط ہو گیا ، قوم دیکھے گی کہ قطری خط کے پرخچے اڑا دیئے جائیں گے ، عمران خان نے پاناما کیس سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا، شیخ رشید نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے استدعا کروں گا کہ نواز شریف اور قطری شہزادے کو عدالت بلایا جائے ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر ہمارا موقف ٹھوس ہے ، نئے ثبوت آنے کے بعد

کیس مزید مضبوط ہو گیا ہے ، قوم دیکھے گی کہ قطری خط کے پرخچے اڑا دیئے جائیں گے ، نعیم بخاری تحریک انصاف کا موقف پیش کر رہے ہیں . قطری خط کی کئی کتریں نظر آئیں گی ۔ عمران خان نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا انہوں نے کہا کہ موٹو گینگ موٹو گینگ ہے ، ہم عدالتی کارروائی یا ریمارکس کیخلاف نہیں جانا چاہتے ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ پاناما کیس میں وزیر اعظم نواز شریف اور قطری شہزادے کو عدالت طلب کرنے کی استدعا کروں گا تاکہ ان کے بیانات ریکارڈ کر کے کیس کا فیصلہ کیا جائے ، وزیر اعظم اور قطری شہزادے پر جرح ہوگی تو کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچ سکے گا ۔