معروف بھارتی اداکارہ نے فلم انڈسٹری کا انتہائی شرمناک پہلو بے نقاب کردیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 25, 2017 | 21:37 شام
ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی شوبز انڈسٹری میں سکینڈلز کا ایک نیا چل نکلا ہے اور ایک کے بعد ایک حیرناک کہانی سامنے آتی جا رہی ہے۔ مشہور کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کا سکینڈل ابھی دھیما نہیں پڑا تھا کہ مشہور ٹی وی شو ”بھابھی جی گھر پر ہے“ میں انگوری بھابھی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ شلپا شندے ایک تہلکہ خیز انکشاف کے ساتھ سامنے آگئی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شلپا نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹی وی شو کی پروڈیوسر بینافر کوہلی کے خاوند سنجے کوہلی انہیں ہراساں کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی شوٹنگ کے لئے جاتی تھیں تو سنجے کوہلی انہیں کسی نہ کسی طرح گھر لیتے تھے اور قابل اعتراض حرکات کرتے تھے ۔ ویب سائٹ سپاٹ بوئے کی رپورٹ کے مطابق شلپا نے سنجے کوہلی کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے ایف آئی آر بھی درج کروادی ہے۔ ویب سائٹ نے ایف آئی آر کی تصاویر بھی شائع کر دی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے پہلے پروڈیوسر بینا فرکوہلی کی جانب سے شلپا کے خلاف بھی 12کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جا چکا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ شلپا نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی، جبکہ شلپا نے موقف اختیار کیا تھا کہ بینا فر نے معاہدے کی شقوں میں ترامیم کی تھیں لہٰذا ان پر معاہدہ توڑنے کا الزام بے بنیاد تھا۔
شوبز تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ شلپا اتنے عرصے تک خاموش کیوں رہیں۔ اگر انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا جا رہا تھا تو یہ بہت بھیانک بات ہے، جس کے بارے میں فور ی طور پر پولیس کو آگاہ کیا جانا چاہئیے تھا۔ لیکن ان کی خاموشی اتنے لمبے عرصے بعد کیوں ٹوٹی۔