جماعت اسلامی نیلی آنکھوں والی عالمی شہرت یافتہ خاتون کے لیے میدان میں آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 06, 2016 | 05:21 صبح

لاہور(ویب ڈیسک)امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے افغان خاتون شربت گلہ کو جیل بھیجنے اور پھر عجلت میں ملک بدر کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی پکڑ دھکڑ اور خلاف آئین گرفتاریوں سے قومی ساکھ کو شدید نقصان پہنچاہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت مہاجرین کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے آئینی رستہ اختیار کرے ۔ شربت گلہ کی گرفتاری سے پاکستان اور افغانستان کے مابین فاصلے مزید بڑھے ہیں ۔وزارت داخلہ اور خارجہ میں بیٹھے ہوئے چندعاقبت نا اندیش افسروں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان رنجشیں اور دوریاں بڑھ رہی ہیں ،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہماری وزارت خارجہ میں بیٹھے کچھ لوگ بھارت کے ایجنڈے کو پورا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت کی حامل شربت گلہ ایک باعزت خاتون ہے جسے پہلے انتہائی تضحیک آمیز طریقے سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا اور اب انہیں فوری طور پر پاکستان بدر کرنے کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں جس سے پاکستان اور افغان عوام کے درمیان غلط فہمیاں پید ا ہوئی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے معاملے کا فوری طور پر نوٹس لے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاملات کو درست کرنے کا انتظام کرے ۔پاکستان نے ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کی خدمت کی ہے ،کئی عشروں پر محیط ان خدمات کو چند عاقبت نا اندیش عناصر کی وجہ سے ضائع کرناایک حماقت ہوگی۔