شریفین کی ون ٹو ون ملاقات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 24, 2016 | 17:58 شام

وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مادر وطن کی حفاظت کیلئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا خاندان ملکی دفاعی خدمات کے لیے جانا جاتا ہے، انہوں نے فوج میں خدمات کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، بطور آرمی چیف ملک کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد جنرل راحیل شریف کی شاندار خدمات کوخراج تحسین پیش کرنا ہے، جنرل راحیل شریف میں بھر پور قائدانہ صلاحیتیں ہیں،مسلح افواج کے آپریشن ضرب عضب سے پوری دنیا واقف ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو قابلیت کی بنیاد پر آرمی چیف مقرر کیا گیا، انہوں نے محنت اور لگن سے خود کو بہترین سپہ سالار ثابت کیا، ان کی انتھک کوششوں اور عزم کو خواج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب کا اختتام کیا جس کے ساتھ ہی تالیوں کی گونج میں جنرل راحیل شریف کھڑے ہوگئے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےوزیراعظم نوازشریف کا شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی حمایت اور تائید کا دلی طورپر شکر گزار ہوں۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف جب وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی عشائیے میں شرکت کیلئے وزیر اعظم ہائوس پہنچتے تو وزیر اعظم نے ان کا خیرمقدم کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ وہاں موجود وزیر دفاع خواجہ آصف، سرتاج عزیز، وزیر مملکت راناتنویر،معاون خصوصی طارق فاطمی سے بھی مصافحہ کیااور ان کی خیریت دریافت کی۔تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات،لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد،لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے ،لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔وزیراعظم اور آرمی چیف کی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، وزیراعظم نواز شریف نے مسلح افواج کے تینوں سربراہان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔وزیراعظم نواز شریف سے جنرل راحیل شریف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، تقریب میں وفاقی کابینہ کےارکان، ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک تھے۔راحیل شریف کی یہ تقریب ایک شاندار  تقریب ثابت ہوئی۔