ہندوستان کی نامزد وزیراعلیٰ ششی کلا کو قید کی سزا سنا دی گئی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک): ہندوستان کی عدالت عظمیٰ نے ریاست تامل ناڈو کی نامزد وزیراعلیٰ ششی کلا کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر 4 سال قید کی سزا سنادی۔ہندوستانی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نامزد خاتون وزیراعلیٰ کو یہ سزا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام پر قائم کیس میں سنائی گئی۔عدالتی فیصلے کے مطابق ششی کلا اب تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بجائے 4 سال جیل میں اپنی سزا پوری کریں گی اور آئندہ 10 سال تک کسی بھی سرکاری دفتر کا اختیار نہیں سنبھال سکیں گی۔اس حوالے سے ششی کلا کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، 4 سال قید کے ساتھ ساتھ ششی کلا پر 15 لاکھ ڈالر (10 کروڑ سے زائد ہندوستانی روپے) کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔گذشتہ سال دسمبر 2016 میں تامل ناڈو کی پانچ بار منتخب ہونے والی وزیراعلیٰ جے للیتا جیارام کی ہلاکت کے بعد کیسٹ فروخت کرنے والی خاتون ششی کلا ریاست کی وزیراعلیٰ بننے کے قریب تھیں۔بھارتی سپریم کورٹ میں ججز کے پینل نے کرپشن کے الزامات میں 2015 میں بری قرار دیئے جانے والی ششی کلا کے بھانجے اور بھانجی کو بھی سزا سنادی۔عدالت کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے والی سابق فلم اسٹار جے للیتا کے خلاف بھی ثبوت سامنے آئے ہیں۔خیال رہے کہ یہ کیس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سبرامنیم سوامی نے دائر کیا تھا، وہ کیس دائر کرتے وقت پارٹی کے چیئرمین تھے، انھوں نے فیصلہ آنے کے بعد اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ '20 سال بعد بالآخر میری جیت ہوئی'۔اب ششی کلا چار سال کے بعد جیل سے واپس تو آجائیں گی لیکن وہ کسی بھی سیاسی پارٹی میں شاملل نہیں ہو سکتیں۔