حکومت نے سکولوں میں چھٹیوں کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع فروری 10, 2017 | 19:39 شام
کراچی(مانیٹرنگ رپورٹ)نجی تعلیمی اداروں میں نئے تدریسی سال کا اعلان کردیا گیا، کیمبرج، او۔ اے لیول سکول سسٹم میں یکم اپریل جبکہ کالجز میں یکم اگست سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوں گی، آغا خان بورڈ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں تدریس یکم مئی سے شروعی ہوگی۔
پہلی تا آٹھویں جماعت کے امتحانات 15 مارچ تک مکمل کئے جائیں گے،گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک رہیں گی، جبکہ سیکنڈری بورڈز 31 جولائی تک میٹرک کے نتائج کا اعلان کریں گے۔سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب ڈہر کی زیر صدارت ہوا، جس میں نئے تعلیمی سال، امتحانات اور چھٹیوں سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں سیکریٹری تعلیم اسکولز جمال مصطفیٰ سید، سیکریٹری تعلیم کالجز ڈاکٹر ریاض احمد میمن اور صوبے کے تمام سیکنڈری بورڈز کے چیئرمین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں یکم جون سے 31 جولائی تک گرمیوں کی چھٹیاں رہیں گی جبکہ موسم سرما کی تعلیمی معمول کے مطابق ہوں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے پہلی تا آٹھویں جماعت تک امتحانات 15 مارچ تک مکمل کئے جائیں گے، نئی تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا، جبکہ سیکنڈری بورڈز 31 جولائی تک نتائج کا اعلان کریں گے۔بیان کے مطابق نویں اور میٹرک امتحانات 28 مارچ جبکہ 28 اپریل سے ہائر سیکنڈری بورڈز کے تحت امتحانات ہوں گے۔