شہباز شریف نے سفاک دہشتگردوں سے انتقام لینے کا اعلان کردیا
لاہور(مانیٹرنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں زیرعلاج زخمیوں کے پاس فرداً فرداً گئے ، ان کی خیریت دریافت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کے لواحقین کو دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی کہ انکے پیاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔اس موقع پر ہسپتال میں زیرعلاج زخمی پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہم آپ کے شانہ بشانہ پہلے بھی لڑے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے اور جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ ہم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کے عزم اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا قوم کے بہادر جوانوں کا حوصلہ بہت بلند ہے اور مجھے آج اپنی قوم کے جوانوں کا جذبہ دیکھ کر پختہ یقین ہوگیا ہے دہشت گردی کا ناسور جلد اپنے اختتام کو پہنچے گا اور ظلم کرنے والے دہشت گرد اور انکے سہولت کار عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہو ں نے کہا یہ دہشت گردی کا بدترین اور انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی۔ قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔ انہوں نے کہا معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میںلازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میںبہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائیگا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہسپتال میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر میں شکرگزار ہوں۔ وزیراعلیٰ ایک ایک زخمی کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ہدایت کی زخمیوں کا ہرممکن علاج معالجہ کیا جائے اور انکو جلد از جلد صحت یاب کرنے کیلئے جس دوا کی ضرورت ہو ‘وہ مہیا کی جائے۔ وزیراعلیٰ کی گنگارام ہسپتال آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔