شہبازشریف کا ایک اور انقلابی اعلان ،ادویات مریض کو گھر کی دہلیز پر ملیں گی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 31, 2016 | 07:15 صبح

لاہور (مانیٹرنگ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مریضوں کے لئے ایک انقلابی اعلان کردیا,ادویات مریض کو گھر کی دہلیز پر ملیں گی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت تعطیل کے روز بھی چارگھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانا میرا مشن ہے اور مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر حال میں مکمل کروں گا۔ انہوں

نے کہا ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سزا اور جزا کا کڑا نظام ضروری ہے۔ ڈاکٹروں، نرسوں ،پیرا میڈیکل سٹاف اوردیگر عملے کی اچھی کارکردگی پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اوراس ضمن میں پنجاب حکومت ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے پرفارمنس ایوارڈ کا اجرا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے”پرفارمنس ایوارڈ“ کا میکانزم مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کو ان کے گھر پر ادویات کی فراہمی کے نئے نظام پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت ہر سال سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو اربوں روپے کی ادویات مفت فراہم کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے رواں سال بھی چھ ارب روپے کی ادویات خریدی جا رہی ہیں۔ ادویات کی خریداری، سٹوریج اور ترسیل کا نیا فول پروف نظام لایا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت مریضوں کو ادویات ان کی دہلیز پر ملیں گی، جس سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی کم ہوگا۔ نئے نظام سے ادویات کی خورد برد اور چوری جیسی قباحتوں کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ادویات کی سٹوریج اور ترسیل کے نئے نظام کو جلد حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں نجی شعبہ سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس لئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر پانچ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور تین تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں کیلئے ایم ایس نجی شعبے سے لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا اتوار کے روز ہسپتالوں میں فارمیسی کھلی ہونی چاہیے اور سٹورکیپر بھی موجود ہوتا کہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔