خود تلاشی نہیں دیتے، ہم سے پچاس سالہ ریکارڈ مانگ رہے ہیں:سیاپا برگیڈ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع فروری 16, 2017 | 13:15 شام
اسلام آباد: (مانیٹرنگ) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روایتی انداز میں تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ طارق فضل چودھری نے کہا تحریک انصاف میں جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ اگر عمران خان کو دستاویزات کا علم ہے تو سامنے کیوں نہیں لاتے۔ مخالفین کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی جو ہماری حکومت نے دن رات ایک کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کو فیتے کٹنے پر تکلیف کیوں ہوتی ہے؟۔ آپ نے پاکستان کو نیا پاکستان نہیں صرف گالم گلوچ کی سیاست دی ہے۔
انہوں نے کہا تحریک انصاف نے 2013 کے انتخابات میں الزامات لگائے تھے لیکن ثابت نہیں کر سکے۔ جس طرح دھاندلی الزامات میں سرخرو ہوئے ویسے ہی پاناما کیس بھی جیتیں گے۔ اس موقع پر دانیال عزیز بھی خوب برسے اور کہا اداروں کے احترام کے بجائے واویلا مچایا گیا۔ الزام تراشیاں کرنے والوں نے اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دی۔ عینکیں لگا کر پریس کانفرنس کرنے والوں کو کچھ یاد نہیں رہتا۔
دانیال عزیز کا مزید کہنا تھا الیکشن کمیشن تین سال سے عمران خان کا منی ٹریل مانگ رہا ہے لیکن وہ دینے سے انکاری ہیں۔ خود تلاشی نہیں دیتے اور ہم سے پچاس سال کا ریکارڈ مانگ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کا تحریری جواب موجود ہے کہ ایک سال پرانا ریکارڈ نہیں دے سکتے۔ ہم برسوں پرانا ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کر رہے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا عمران خان ٹیکس چھپانے کے چیمپئن ہیں جبکہ تحریک انصاف نے اپنے صوبے میں احتساب کو تالے لگا دیئے ہیں۔