پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 11, 2017 | 19:01 شام

گال (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 259 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم 457 رنز کے تعاقب میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سومیا سرکار 53 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، رنگنا ہیراتھ نے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، کوسال مینڈس کو 194 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے 457 رنز کے تعاقب میں 67

رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز دوباہ شروع کی تو تمیم اقبال 13 اور سومیا سرکار 53 رنز پر کھیل رہے تھے، سومیا سرکار گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر اسیلا گونارتنے کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، 80 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب مومن الحق 5 رنز بناکر دلراون پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اپنے اگلے ہی اوور میں دلروان پریرا نے تمیم اقبال کو 19 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کرکے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلا دی، شکیب الحسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، اسی اوور میں رنگنا ہیراتھ نے محمد اللہ کو صفر پر کلین بولڈ کرکے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، بعد میں آنے والے بلے باز بھی رنگنا ہیراتھ کی باﺅلنگ کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آﺅٹ ہوتے رہے۔کپتان مشفق الرحیم 34 ، لتن داس 35 ، تسکین احمد 5 ، مصطفیض الرحمان صفر اور مہدی حسن مرزا 28 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رنگنا ہیراتھ نے 59 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، دلروان پریرا نے دو جبکہ گونارتنے اور سنڈکان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کوسال مینڈس کو پہلی اننگز میں 194 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اور اچھی کارکردگی کے لیے انہیں سراہا گیا۔۔۔