ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے انکشاف کیا ہےکہ کم عمری میں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا جو ان کے لیے نہ بھولنے والا واقعہ ہے۔
بھارت میں خواتین کو ہراساں کرنے اورزیادتی کے واقعات عام ہیں جس سے معاشرے کا کوئی بھی طبقہ محفوظ نہیں جب کہ کم عمر لڑکیوں کو تنگ کرنے کے واقعات میں بھی تیزی آئی ہے جس کے بعد اب اداکارہ سونم کپور نے بھی اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کا ذکر کرکے ایک نئی بحث چھیڑدی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی ٹی وی کے پروگرام میں سونم کپور نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب دیئے جب کہ اس دوران انہوں نے کم عمری میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا بھی پردہ فاش کیا۔
اداکارہ سونم کپور کا کہنا تھا کہ جب میں چھوٹی تھی تو مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا جو کہ میرے لیے حیران کن تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ میرے لیے کافی تکلیف دہ تھا جس کا میں 2 سال تک کسی سے ذکر بھی نہیں کرسکی تھی لیکن یہ واقعہ آج بھی مجھے اچھی طرح یاد ہے جسے بھولنا نا ممکن ہے۔