سعودی شہریوں کو غیر ملکیوں سے شادی کیلئے 3 ہزار ریال آمدن کی شرط

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 14, 2016 | 16:14 شام

ریاض (شفق ڈیسک) سعودی باشندوں کی غیرملکیوں سے شادی بیاہ کے نئے قواعد وضوابط جاری کردیے ہیں۔ ریاض، سعودی حکومت نے اپنے شہریوں پر غیر ملکیوں سے شادی پر 3 ہزار ریال آمدن کی شرط عائد کر دی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے العربیہ کیمطابق سعودی عرب کی حکومت نے مردو خواتین شہریوں کیلئے غیر ملکیوں سے شادی کے حوالے سے نیا ضابطہ اخلاق مقرر کیا ہے جس میں کہا گیا کہ غیر ملکیوں سے شادی کی خواہش رکھنے والے شہری کم سے کم 3 ہزار ریال آمدن کے اہل ہونے چاہیئیں جبکہ اس سے کم آمدن والے افراد غیر ملکیوں سے شادی نہیں کر

سکیں گے۔ حکومت کیجانب سے نئے ضابطہ اخلاق کیمطابق ایسا مرد یا عورت جس نے پہلے غیرملکی سے شادی نہ کی ہو اور نہ ہی سعودی مرد کی کوئی دوسری بیوی ہو، شادی کرنیوالا شخص مرد یا عورت کسی عدالتی کیس میں ملوث نہ ہو اور دونوں میں سے کوئی ایک کسی قسم کی جسمانی معذوری کا شکار نہ ہو جبکہ فوج اور پولیس کا حاضر سروس یا ریٹائرڈ اہلکار نہ ہو، اور اسکے پاس اپنی مناسب رہائش ہو۔ ایسے شخص کو کسی دوسرے ملک کی خاتون سے شادی کی اجازت ہو گی، غیر ملکی خاتون سے شادی کے وقت سعودی عرب کی وزارت صحت کیجانب سے خاتون کی میڈیکل فٹنس کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ دوسری جانب سعودی مرد یا عورت شادی کا خواہش مند غیر ملکی تحریری طور پر یہ بتائیگا کہ شادی سے اسکا مقصد اپنی یا بچوں کیلئے سعودی شہریت کا حصول نہیں۔ اسکے علاوہ دیگر شرائط میں عمر کی کم سے کم حد 40 اور زیادہ سے زیادہ 65 سال، عورت کی کم سے کم عمر 25 اور زیادہ سے زیادہ 30 سال، درخواست دیتے وقت مرد کی کم سے کم عمر 25 سال اور زیادہ سے زیادہ 65 سال ہو۔