۔877افراد کے قاتل میتھیو،کے سر پراب بھی خون سوار

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 08, 2016 | 12:08 شام

فلوریڈا(مانیٹرنگ) سمندری طوفان 'میتھیو' شمالی امریکا کے ملک ہیٹی میں تباہی مچانے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا۔ ہیٹی میں سمندری طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 877 تک پہنچ گئی جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔میتھیو طوفان ہیٹی کے مغربی ساحلوں سے رواں ہفتے ٹکرایا تھا جس کے بعد اس نے کیوبا کے کچھ علاقوں کو نقصان پہنچایا تھا پھر یہ بہاماس میں داخل ہوا اور اب یہ فلوریڈا سے ٹکراگیا۔ فلوریڈا میں طوفان میتھیو کے پہنچتے ہی 120 میل فی گھنٹہ کے رفتار سے ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں تاہ
م یہاں تک پہنچتے پہنچتے طوفان کی شدت بہت کم ہوچکی تھی اور امریکی نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے اس کی شدت کرکے کیٹیگری 2کردیا تھا۔فلوریڈا میں طوفان کے نتیجے میں چار ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تاہم بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ۔ تیز ہواﺅں کی وجہ سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کی وجہ سے تقریباً 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔اس کے علاوہ جارجیا اور جنوبی کیرولائنا میں بھی 3 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوئے۔فلوریڈا میں دو افراد درخت گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک معمر جوڑا طوفان سے بچنے کے لیے گیراج میں پناہ لیے ہوا تھا تاہم وہاں جنریٹر سے نکلنے والے زہریلی کاربن مونو آکسائیڈ گیس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔فلوریڈا میں طوفان کی آمد سے قبل ہی سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی تھی اور 15 انچ تک بارش کی توقع کی جارہی تھی اور لوگوں کو پہلے ہی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔امریکا صدر براک اوباما نے فلوریڈا کی 24 سے زیادہ کاو¿نٹیز میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ طوفان کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور لوگ حفاظتی نقطہ نظر سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔ ہیٹی میں زیادہ جانی نقصان ان علاقوں میں ہوا جہاں کے باشندے ماہی گیری سے وابستہ تھے، طوفان سے ان علاقوں میں درخت گرنے، مختلف اشیا تیز ہوا میں اڑنے اور چھتیں گرنے سے ہوئیں۔ رائٹرزکے مطابق ہیٹی میں شہریوں کو زیادہ مشکل اس لیے بھی پیش آ رہی ہے کہ وہاں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج اور پولیس کے اہلکار کئی علاقوں میں نہیں پہنچ پائے ہیں، ان علاقوں میں شہری اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کے کام کر رہے ہیں جبکہ کئی علاقوں کے باشندوں کو خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میتھیو سمندری طوفان اپنی شدت میں ماضی میں ہونے والے کئی طوفانوں سے زیادہ خوفناک ہے اور اس نے 118 سالہ طوفانی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ سو صدی قبل اسی طرح کا ایک سمندری طوفان امریکی ریاست فلوریڈا کے شمال مشرقی ساحل سے ٹکرایا تھا۔ بارشوں اور موسمیات کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ میتھیو طوفان جنوبی فلوریڈا ٹکرانے کے بعد ریاست جارجیا سے ہوتے ہوئے ساؤتھ کیرولینا تک پہنچ سکتا ہے اور اس طرح یہ طوفان بحر اوقیانوس کے بیشتر ساحلی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ سنہ 2005ء میں 177 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والا طوفان ویلما امریکی ساحلوں سے پوری شدت کے ساتھ ٹکرایا تھا۔ فلوریڈا کے گورنر اسکوٹ نے خبردار کیا ہے کہ میتھیو سمندری طوفان بھی کم شدت کا حامل نہیں۔ یہ طوفان بھی بڑے پیمانے پر تباہی کا موجب بن سکتا ہے۔ اس لیے ڈیڑھ ملین لوگوں کو گھروں سے نکل کر محفوظ ٹھکانوں تک پہنچنے کی تاکید کی گئی ہے۔ امریکا کی تین ریاستوں کےبعد نارتھ کیرولینا کے حکام نے بھی ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی صدر نے بھی طوفان سے متاثر ہونے والی چار ریاستوں کے گورنروں سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور انہیں ہرممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اقوام متحدہ نیوز سینٹر کے مطابق ہیٹی میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ہیضے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ۔