پیسہ ہر دکھ کا مداوا نہیں،ہسپانوی سفارتکار نے خودکشی کرلی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 13, 2016 | 05:51 صبح

 


اسلام آباد(مانیٹرنگ) اسلام آبادمیں اسپین کے سفارتخانے میں قونصل جنرل نے خود کشی کر لی،قونصلر اتاشی نے خود کو گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کیا۔ اتاشی پچھلے کئی سال سے پاکستان میں رہائش پذیر تھے ، انہوں نے دوشادیاں بھی کی ہوئی تھیں تاہم پولیس اور تحقیقاتی ادارے ان کی خودکشی کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک جو شہادتیں ملی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سفارت کار نے خود کو گولی مار کر خود کشی کی ہے۔تھانہ کوہسار پولیس کے مطابق جینر نامی یہ شخص سپین کے سفارت

خانے میں قونصلر کے عہدے پر تعینات تھا۔ مذکورہ سفارت کار کے باورچی عبدالحمید نے پولیس کو بتایا کہ بدھ کی شب کو اپنی ڈیوٹی ادا کرنے کے بعد گھر چلا گئے، جمعرات کو جب وہ کام پر آئے تو گھر کا اندر سے تالا لگا ہوا تھا اور متعدد بار دروازے پر دستک دینے کے باوجود دروازہ نہیں کھلا جس پر مقامی پولیس کو طلب کر لیا گیا۔دروازہ توڑ کر جب پولیس اہلکار اندر داخل ہوئے تو جینر کی لاش فرش پر خون میں لت پت پڑی تھی اور اس کے ساتھ ہی 38 بور کا پستول بھی پڑا ہوا تھا جس سے بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہے۔پولیس نے غیر ملکی سفارت کار کے باورچی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جینر کافی عرصے سے سانس کی بیماری میں مبتلا تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا۔
مقامی پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بھجوا دیا ہے تاہم سفارت خانے کے اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد ہی پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فورینسک رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ سفارت کار نے خود کشی کی ہے کہ یا اسے قتل کیا گیا ہے۔