سرجیکل سٹرائیک آخر ہے کیا؟
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 04, 2016 | 19:21 شام
شاہد نذیر چودھری کے قلم سےٗ)
بھارتی حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ اسکے کمانڈوز نے ایل او سی کراس کرکے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے سرجیکل سٹرائیک کا آغاز کردیا ہے۔جبکہ پاکستان نے اسکے دعوے کوجھٹلا تے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے سرحد پار نہیں کی ،اگر کرتا تو یہ جنگ کا اعلان ہوتا ۔تاہم پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کنٹرول لائن پر جھڑپ کے دوران آٹھ بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور ایک کومسلح حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ اس صورتحال کی ایک عام بندے کو سمجھ نہیں آتی کہ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور گرفتاری ایل او سی کے اِدھر ہوئی یا اُدھر؟ اگر اِدھر یعنی پاکستان کے علاقے میں ہوئی ہے تو پھر بھارتی فوج سرحد عبور کرکے حملہ آور ہوئی ہوگی تبھی اسکو جوابی کارروائی میں منہ کی کھانی پڑی ۔یا پھر پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں بھارتی علاقوں میں انکی چوکی کو نشانہ بنا کر دشمن کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت نے سرحد عبور کرنے کا دعویٰ ضرور کیا ہے لیکن اس نے پاکستانی فوج کو ٹارگٹ بنا کر دو سپاہیوں کو شہید کردیا اور اشتعال کی فضا قائم کردی جس کے جواب میں پاکستان نے آٹھ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تاہم گرفتاری کئے جانے والے بھارتی فوجی پر سوال اٹھ رہا ہے کہ بمباری کے دوران وہ غلطی سے پاکستان کی سرحد میں کیسے داخل ہوگیا تھا؟۔
بھارت پر پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کی مستی کئی سالوں سے چڑھی ہوئی ہے۔ٹی وی اینکر ڈاکٹر دانش نے تو دعویٰ کیا تھااور ایسے دستاویزی ثبوت بھی پیش کئے تھے کہ بھارت امریکہ سے بارہا پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کرنے کی اجازت مانگتا آرہا ہے جس پر امریکہ نے اس وقت کے وزیر اعظم اور صدر کو اعتماد میں لیا اور عندیہ دے دیا کہ بھارت اپنا غصہ اتارنا چاہتا ہے تو اتار لے لیکن پاکستانی فوج کے علم میں یہ بات آئی تو امریکہ کو یہ پیغام دیا گیا تھا کہ بھارت کی اس حرکت کو کھلی جنگ سمجھا جائے گا۔حالیہ دنوں میں بھی بھارت پر خون سوار ہے اور وہ پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس کا دعویٰ بھی کررہا ہے ۔ سوال یہ ہے کہ سرجیکل سٹرائیک ہوتی کیا ہے؟
سرجیکل سٹرائیک ملٹری اٹیک ہوتا ہے جس کا معروف معنی ہی جنگ کرنا ہے۔اس کے تحت کوئی بھی فوج اپنے دشمن کے علاقے میں اچانک حملہ کرکے اسکے مخصوص ٹھکانوں کوتباہ کردیتی ہے اور اس میں کامیاب ہوکر لوٹتی ہے۔بھارت نے پاکستان کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دو کلومیٹر اند ر تک داخل ہوکر جس حملے کا دعویٰ کیا ہے اسکے تحت بھارتی کمانڈوزنے ”تیس سے چالیس دہشت گردوں “ اور انکے سہولت کاروں کو ہلاک کرکے کامیاب آپریشن کیا ہے۔تاہم پاکستان نے بھارت کے کسی ایسے سرجیکل سٹرائیک کو ٹیکنکل بنیادوں پر رد کیا ہے اور محض اسے شوشہ قرار دیا ہے کہ مودی سرکار اپنی ڈوبتی سیاسی ناو¿ کو ابھارنے کی کوشش کرتے ہوئے فوجی ایڈوینچر کا سہارا لے ر ہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق بھارتی فوج کے ساتھ ایل او سی پر معمول کی جھڑپیں جاری رہتی ہیں ۔حالیہ واقعہ بھی اسی تناو¿ کا تسلسل ہے جس کا پاکستان نے بھر پور جواب دیاہے۔بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کا بہانہ بنا کر اپنی قوم کا مورال بہتر کرنے کی بھونڈی کوشش کی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرجیکل سٹرائیک فضائیہ کی مدد سے کی جاتی ہے لیکن بھارت نے زمینی حملے کا جو دعویٰ کیا ہے وہ سرجیکل سٹرائیک کے زمرے میں نہیں آتا۔اس حوالے سے یہ بات بھی واضح کردیں کہ سرجیکل سٹرائیک پاکستان اور بھارت کے نزدیک دو مختلف نظریات رکھتی ہے۔پاکستان سرجیکل سٹرائیک کو جنگ تصور کرتا ہے لیکن بھارت کے نزدیک سرجیکل سٹرائیک محدود اور مخصوص آپریشن ہے جس میں عمارتوں ،گاڑیوں،سویلنز وغیر کو ٹارگٹ نہیں بنایا جاتا اور یہ کھلی جنگ نہیں ہوتی۔بھارت جس اچانک کمانڈو زحملے کو سرجیکل سٹرائیک قرار دے رہا ہے اسکی حقیقت سامنے آچکی ہے کہ بھارت نے پاکستان کی چوکیوں پر مارٹر گن سے حملہ کیا اور ہمارے دو جوان شہید کردئے تھے لیکن جواب میں پاکستان نے جو کیا ،اسے بھی دنیا نے دیکھ لیا ہے اور یہ بات امریکہ نے واضح محسوس کرلی ہے کہ پاکستان بھارت کی شرپسندی کا سخت ترین جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا لہذا جان کیری نے چوبیس گھنٹوں میں دو بار بھارتی وزیر داخلہ سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ نہ کرو،اقوام متحدہ نے بھی بھارت کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے لیکن بھارت کے نتھنوں سے نکلنے والے دھویں کا علاج کئے بغیر اسکو ٹھنڈ نہیں پہنچنے والی۔بھارت اپنے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کو پاکستان کے سرتھوپتا آرہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے ردعمل میں ہونے والے بھارتی فوج پر حملوں کے بعد بھارت بدلے میں پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک حملوں کی دھمکیاں دیتا ہے۔اسکے خیال میں پاکستان میں دہشت گردوں کی تربیت کے وہ کیمپ موجود ہیں جو مجاہدین کشمیر اور بھارت کے اندر دہشت گردی کو جنم دیتے ہیں۔بھارت مفروضوں کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف جارحیت کرکے اور واویلا مچا کر دنیا کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوششیں کررہا ہے لہذا اس نازک وقت میں پاکستان کے اندر یک جہتی اور مضبوط خارجہ پالیسی کی اشد ضروروت ہے ۔سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر ” سرجیکل سٹرائیک “ چھوڑ کر دشمن کی چھیڑی ہوئی جنگ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ ملک کی سلامتی کے لئے مقدم تما م قسم کے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔