پاکستان کے7 افغان طالبان رہنمائوں سے مذاکرات مکمل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 24, 2017 | 06:56 صبح

اسلام آباد (مانیٹرنگ) افغان حکومت سے امن مذاکرات پر قائل کرنے کیلئے پاکستانی حکام نے یہاں گزشتہ ہفتے 7 طالبان رہنمائوں سے بات چیت کرلی۔ امن مذاکرات اپریل میں ماسکو میں ہونگے جس میں پاکستان، چین، افغانستان، ایران اور بھارت کے نمائندے شامل ہونگے۔ 2 طالبان عہدیداروں کے مطابق جن طالبان سے بات چیت ہوئی ہے، ان میں ملا عباس، ملا عامر خان متقی، ملا ترابی، ملا سعد الدین، ملا دائود، یحییٰ اور لطیف منصور شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ملا عباس جولائی 2015ء میں افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں بھی شریک تھے۔ پاکستان

میں رہائش پذیر طالبان کو مذاکرات پر قائل کرنے کیلئے اسلام آباد پر دبائو بڑھایا جاتا رہا ہے۔ ماسکو میں مذاکرات کرانے کیلئے پاکستان، چین اور روس کوشاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے مذاکرات کے دوران طالبان رہنمائوں نے مطالبات پیش کئے ہیں جن میں پاکستان میں طالبان کی رہائی بھی شامل ہے۔ ادھر عالمی برادری نے بھی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں کیونکہ طالبان نے 2014ء کے بعد افغانستان میں حملے بڑھا دیئے ہیں۔