کیا حکومت اب جاوید ہاشمی کے بیان کی انکوائری کرے گی ؟ ماروی میمن ایسا کیا کہہ دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 03, 2017 | 12:44 شام


اسلام آباد(مانیٹرنگ رپورٹ)حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بات کرنا کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن کا کہنا تھا کہ 'ان بیانات سے ملک میں عدم استحکام کی فضا پیدا ہوتی ہے جن میں اداروں پر الزامات عائد کیے جائیں'۔انھوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب عام انتخابات میں کم ہی عرصہ باقی ہے تو ن لیگ نہیں چاہے گی کہ حالات کو غیر مستحکم کیا جائے،

لہذا حکومت کی اولین ترجیح عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'اگرچہ 2014 کے دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کا خاتمہ چاہتی تھی، لیکن اتنے عرصے کے بعد ان انکشافات کا سامنے آنا حالات کو خرابی کی طرف لے جاسکتا ہے اور اسی لیے ن لیگ کبھی بھی ایسے بیان کی حمایت نہیں کرے گی'۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران امپائر کا ذکر کرکے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خود فوج کی مداخلت کا تاثر دیا تھا اور ہم نہیں سمجھتے کہ اس میں فوج کا کوئی کردار رہا ہوگا۔اس سوال پر کہ کیا حکومت اب جاوید ہاشمی کے بیان کی انکوائری کرے گی ؟ ماروی میمن کا کہنا تھا 'اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا، لیکن ہمارا مقصد صرف بہتر حکمرانی کرنا ہے'۔تاہم، انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس کا فیصلہ حکومت کرے گی کہ انکوائری ہونی چاہیئے یا نہیں۔