ایران میں کتنے افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، ایرانی صدرکےانکشاف نے سب کو حیران کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جولائی 18, 2020 | 18:06 شام

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک): ایرانی صدر حسن روحانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران میں ڈھائی کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مزید ساڑھے تین کروڑ افراد وبا کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ ہفتے کو ایران کی کورونا وائرس فائٹنگ ٹاسک فورس کے ٹی وی پر نشر ہونے والے اجلاس میں صدر روحانی نے کہا کہ ہمارے اندازے کے مطابق ایران میں  2 کروڑ پچاس لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور مزید تین سے س

اڑھے تین کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی چوتھائی سے زائد آبادی کے متاثر ہونے کے باوجود ایران میں ہرڈ امیونٹی حاصل نہیں ہوسکی ہے تاہم ہمارے پاس متحد ہو کر اس وبا کو روکنے کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔ واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے باعث 14 ہزار اموات ہوچکی ہیں اور متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ایران کی آبادی 8 کروڑ سے زائد ہے یہی وجہ ہے کہ آبادی کے تناسب کے اعتبار سے  ایرانی صدر کے بتائے گئے اعداد و شمار کو بڑا انکشاف قرار دیا جارہا ہے۔

بعد ازاں ایرانی صدر کے شعبہ ابلاغیات کے نائب سربراہ علی رضا معزی نے ٹوئٹ کیا کہ ڈھائی کروڑ متاثر ہونے سے صدر کی مراد وہ لوگ ہیں جنھیں وائرس کا سامنا ہوا لیکن انہوں نے اس مرض کے خلاف مدافعت پیدا کرلی۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے جب کہ عالمی سطح پر 6 لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔