راحیل شریف سب پر بازی لے گئے‘ سیاستدانوں میں کون کس نمبر پر رہا۔۔۔۔تفصیلات اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 04, 2017 | 10:13 صبح

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ)پاک فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف مقبولیت میں سب پر بازی لے گئے جبکہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان میں مقبول ترین سیاسی شخصیت قرار پائے ، ، پنجاب حکومت دیگر صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت کے مقابلے میں کارکردگی کے حوالے سے آگے ہے۔ یہ انکشافات انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ اور انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں کیے گئے ہیں۔ یہ سروے ستمبر 2016تا اکتوبر 2016 کے دوران کیا گیا تھا، جس میں چار ہزار 978 افراد سے انٹرویو کیے گئے۔

 آئی پی او آر سروے کے مطابق 59 فیصد افراد کو پاناما پیپرز کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ،پاکستانی شخصیات میں راحیل شریف 85 فیصد شرح کے ساتھ مقبول ترین شخصیت تھے، یادرہے کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ آرمی چیف تھے۔ سروے میں سیاسی رہنماﺅں کی پسندیدگی اور ناپسندیدگی کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف 63فیصد پسندیدگی کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ عمران خان 39فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، بانی متحدہ کےلئے ناپسندیدگی کی شرح 85 فیصد نوٹ کی گئی۔ دیگر سیاسی شخصیات میں آصف زرداری کو 80 فیصد اور طاہر القادری کو 79 فیصد افراد ناپسند کرتے ہیں۔

وفاقی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے 64 فیصد افراد نے مسلم لیگ نواز کی حکومت کی کارکردگی ”اچھی“ اور ”بہت اچھی“ قرار دی، 27 فیصد کے خیال میں کارکردگی ”خراب“ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے کام کرنے کے انداز کے بارے میں 16 فیصد افراد نے اسے ”بہت اچھا“ اور 51 فیصد نے ”اچھا“ قرار دیا۔57 فیصد افراد کے خیال میں ملک کی سیاسی صورتحال مستحکم ہے۔

صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کے حوالے سے پنجاب 79 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر، خیبرپختونخوا 72 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر، سندھ 54 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور بلوچستان 48 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔

پاناما پیپرز کی تحقیقات میں دلچسپی کے حوالے سے سوال پر 26 فیصد نے ”انتہائی دلچسپی“ 38 فیصد نے ”کسی حد تک دلچسپی“ اور 28 فیصد نے کہا کہ انہیں اس سے کوئی دلچپسی نہیں ہے۔ سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا کہ آئندہ برس کے دوران ان کے معاشی حالات بہتر ہوں گے، بدتر ہوجائیں گے یا ایسے ہی رہیں گے تو 40 فیصد افراد نے بہتر ہونے، 32 فیصد نے بدترین ہونے جبکہ 21 فیصد نے کہا کہ ان کے معاشی حالات ایسے ہی رہیں گے۔تحفظ کے حوالے سے سوال پر 74 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ تحفظ محسوس کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق پنجاب میں 79 فیصد افراد خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔سندھ میں یہ تناسب 66 فیصد، بلوچستان میں 59 فیصد اور خیبرپختونخوا میں یہ تناسب 73 فیصد پایا گیا۔ اداروں کی ریٹنگ کے بارے میں 97 فیصد نے پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کیا، 72 فیصد نے عدالتوں پر،44 فیصد نے پولیس اور 49 فیصد نے میڈیا پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ سروے کے مطابق فوج اور عدالتوں پر اعتماد میں اضافہ آپریشن ضرب عضب کے بعد ہوا ہے۔