امریکا اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کروں گی: تھریسامے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 23, 2017 | 10:36 صبح
لندن(مانیٹرگ)برطانوی وزیرِاعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کروں گی، تاہم اگر انہیں کچھ معاملات ناقابل قبول محسوس ہوئے تو وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس پر بات کرنے میں جھجھک محسوس نہیں کریں گی۔وزیراعظم برطانیہ تھریسامے کا برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ کسی غلط بات پر اس کا ٹرمپ سے اظہار کرنے پر خوف محسوس نہیں کریں گی اور جو معاملات انہیں ناقابل قبول لگے وہ اس پر ٹرمپ سے بلا جھجھک بات کریں گی۔ٹرمپ کی جانب سے خواتین سے متعلق نازیبا جملوں کے استعمال کے سوال پر برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کے متعلق ٹرمپ کے بعض جملے ناقابل برداشت ہیں اور وہ پہلے ہی اس کا اظہار کرچکی ہیں، تاہم ٹرمپ ان جملوں پر معافی بھی مانگ چکے ہیں۔تھریسامے کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ سے برابری کی بنیاد پر ملاقات کریں گی اور اس کے بعد خواتین کے کردار پر ایک اہم بیان بھی جاری کریں گی۔