جاپان کے معروف جریدے نے پاکستان کیلئے بہت بڑا دعویٰ کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 14, 2017 | 18:13 شام

ٹوکیو (شفق ڈیسک) جاپان کے معروف معاشی جریدے نکی ایشیئن ریویو نے موجودہ دور حکومت میں پاکستانی معیشت کی صورتحال میں تیزی سے بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومت نے گورننس کی بہتری، اقتصادی اصلاحات اور ملک میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی ہے، پاکستان کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان کے مائیکرو اقتصادی اشاریے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان مجموعی طور پر ہر شعبے

میں بتدریج ترقی کر رہا ہے، وزیر اعظم نوازشریف کی موثر اور دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت ملنے کی توقع ہے۔ تفصیلات کیمطابق بڑ ے ملکوں امریکہ اور برطانیہ کے مختلف اداروں کے بعد جاپان کے معروف معاشی جریدے ’’نکی ایشیئن ریویو’’نے پاکستانی معیشت میں بہتری سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے جس میں نے موجودہ دور حکومت میں پاکستانی معیشت کی صورتحال میں تیزی سے بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ پاکستان میں گورننس کی بہتری، اقتصادی اصلاحات اور ملک میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ ہ وزیراعظم نوازشریف کی موثر کوششوں اور دانشمندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کے شعبوں میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔جاپان کے کاروباری جریدے نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کے تمام بڑے اقتصادی اشاریے مثبت ہیں ملک میں اقتصادی بحالی کی کوششوں کے نتیجے میں شرح نمو پانچ فیصد سے زائد اور صارفی قیمت دو اعشاریہ نو فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ حکومت کا سالانہ خسارہ آٹھ اعشاریہ دو فیصد سے کم ہو کر چار اعشاریہ چھ فیصد کی سطح پر آگیا ہے اور امریکہ اور عالمی برادری کیساتھ اسکے تعلقات کو فروغ ملا ہے اور پاکستان نے بیرونی ممالک سے تعلقات بہتر کئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابی کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی اور سکیورٹی صورتحال کی بہتر ی میں پاک فوج نے بھی اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان مجموعی طور پر ہر شعبے میں بتدریج ترقی کر رہا ہے۔ ایشین ریویو نے کہا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے، پاکستان کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جریدے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بنیادی ڈھانچے کا جامع پروگرام ہے جس میں مجموعی طور پر اکیاون ارب ڈالر کے منصوبے شامل ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بجلی گھروں، سڑکوں، ریلوے لائنوں، ہوائی اڈوں کی تعمیر کے شعبوں سے ہے جس سے ملک میں صنعتی ترقی کا دور دورہ ہو گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تجزیہ کاروں نے دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت ملنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگست میں پاکستان نے آئی ایم ایف کا 6.4 ارب ڈالر کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ پاکستان میں مائیکرو اکنامک اشاریے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔