دبئی میں شاندار پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی جب کہ اس موقع پر لیگ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔تقریب رونمائی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ ایونٹ کیلئے دنیا کی بہترین کمپنی سے ٹرافی تیار کروائی گئی ہے۔ ٹرافی آرٹ کا بہترین اور منفرد نمونہ ہے جس کا نام اسپرٹ ٹرافی رکھا گیا ہے اور اس کی تیاری میں50 ہزار کرسٹلز کا استعمال کیا گیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ امید ہے کہ پہلے ایڈیشن کی طرح دوسرا ایڈیشن بھی دلچسپ ہو گا۔ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ واپس لا رہے ہیں، دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فاتح ٹرافی کے علاوہ دیگر تین ٹرافیز بھی دی جائیں گی۔ ایونٹ کے بہترین بیٹسمین کو ’’حنیف محمد ٹرافی‘‘ دی جائے گی۔ بہترین وکٹ کیپر ’’امتیاز احمد ٹرافی‘‘ کا حقدار ٹھرے گا جبکہ بیسٹ بولر ’’فضل محمود ٹرافی‘‘ اپنے نام کرے گا۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پہلا ایڈیشن جیتنے سے ہماری ٹیم بہت پراعتماد ہے، ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، اس بار بھی ٹرافی اپنے نام کریں گے۔ یو اے ای میں زیادہ کھیلنے کا فائدہ قومی کرکٹرز کو ہوگا، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اب بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، پچھلا ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکے لیکن اس سال ٹرافی لے کر جائیں گے۔کراچی کنگز کے قائد سنگا کارا نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ماہر کوچز کی زیر نگرانی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے، لاہور قلندرز کے کپتان میک کولم نے کہا کہ ایونٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جب کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ایونٹ میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلیں گے اور ٹرافی اپنے نام کریں گے۔