ٹرمپ اور سی آئی اے میں ٹھن گئی،ایک دوسرے پرگھنائونے الزامات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 10, 2016 | 17:03 شام

واشنگٹن(مانیٹرنگ)

 امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کر کے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوایا جبکہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی آئی اے کے انکشاف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہی لوگ ہیں جو کہتے تھے کہ صدام حسین نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار جمع کر رکھے تھے۔ امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سی آئی اے کی جانب سے امریکی حکام کو بتایا گیا یہ بات بالکل واضح ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانا روس کا اولین مقصد تھا۔ سی آئی اے کے مطابق روس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کر کے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی آئی اے کی جانب سے انہیں جتوانے کے لئے روسی مدد کی تردید کر دی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا الیکشن جتوانے میں روسی مدد کی بات کرنے والے وہی لوگ ہیں جو کہتے تھے کہ صدام حسین نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار (ڈبلیو ایم ڈیز)جمع کر رکھے تھے۔ ان کا کہنا تھا امریکی انتخابات تاریخ کی سب سے بڑی الیکٹورل کالج فتح کے ساتھ کافی پہلے ختم ہو چکے ہیں لہذا امریکہ کو ایک بار پھر سے عظیم بنانے کے لئے آگے چلا جائے۔ سائبر حملوں کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ہیکنگ روس سے بھی ہو سکتی ہے، چین سے بھی اور نیو جرسی میں بیٹھ کر بھی کوئی شخص ہیکنگ کر سکتا ہے۔