ڈونلڈ ٹرمپ منگل یا بدھ کو کس راز سے پردہ اٹھانے والے ہیں ۔جانیے اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 01, 2017 | 20:55 شام

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک):امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کی جانب سے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کو وہ معلومات ہیں جو کسی اور کو نہیں ہیں اور وہ منگل یا بدھ کو یہ معلومات منظر عام پر لائیں گے۔ میڈیا کی ایک رپورٹ کےمطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات سنیچر کے روز فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں اپنے کلب کے باہر چند میڈیا کے لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا 'میں اس بارے میں پوری یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔ اگر آپ وسیع

پیمانے پر تباہی کے ہتھیاروں کی بات کریں تو وہ سراسر جھوٹ تھا۔ اس لیے میں بالکل مطمئن ہونا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔'انھوں نے مزید کہا کہ ان کو ہیکنگ کے بارے میں کافی معلومات ہیں۔ 'ہیکنگ کو ثابت کرنا بہت مشکل ہے۔ اور ہو سکتا ہے کہ ہیکنگ کے پیچھے کوئی اور ہو۔ اور مجھے ایسی باتوں کا علم ہے جو دوسروں کو نہیں ہے اس لیے وہ اس صورتحال کے بارے میں پوری طرح آگاہ نہیں ہوں ۔'جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیا معلومات ہیں جو ان کو معلوم ہیں اور دوسروں کو نہیں تو ان کا جواب تھا 'آپ کو منگل یا بدھ کو معلوم ہو جائے گا۔'ڈونلڈ ٹرمپ خود ای میل استعمال نہیں کرتے اور انھوں نے لوگوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ نازک معاملات میں ای میل استعمال نہ کریں۔'یہ بہت اہم ہے کہ اگر آپ کا کوئی بہت اہم کام ہے تو کاغذ پر لکھ کر کوریئر کے ذریعے پہنچائیں جیسے پہلے کیا جاتا تھا اس لیے کہ کوئی کمپیوٹر محفوظ نہیں ہے۔'ان کا مزید کہنا تھا 'مجھے اس بات سے غرض نہیں کہ وہ کیا کہتے ہیں لیکن کوئی کمپیوٹر محفوظ نہیں ہے۔ میرا ایک بیٹا 10 سال کا ہے اور وہ کمپیوٹر پر بہت کچھ کر سکتا ہے۔'یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نےگذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہیکنگ ایشو کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھا جائے۔