نو منتخب صدر کی’کیوبا کو دھمکی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 29, 2016 | 19:07 شام

امریکہ (مانیٹرنگ ڈیسک):امریکہ کے نو منتخب صدر کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کیوبا کے ہزاروں شہری انقلابی رہنما فیدل کاسترو کی موت کے سوگ میں ہوانا سکوائر میں جمع ہیں۔ نو منتحب صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر کیوبا نے اپنے عوام اور امریکہ سے اچھا برتاؤ نہ کیا تو وہ تعلقات کے بحالی کے فیصلے کو ختم کر دیں گے۔کیوبا کے انقلابی رہنما اور سابق صدر فیدل کاسترو جمعے کی رات 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔صدر براک اوباما نے 64 برسوں بعد امریکہ اور کیوبا کے سفارتی تعلقات کو بحال کیا تھا۔ صدر او

باما نے 2015 میں کیوبا کا دورہ بھی کیا تھا۔نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی کیوبا سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔ایک ایسے وقت جب نومنتخب صدر چھ عشروں بعد بحال ہونے والے سفارتی تعلقات کو ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں عین اسی وقت پچاس برسوں میں پہلی بار امریکی ایئرلائن کی پہلی پرواز میامی سے ہوانا کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔امریکہ نے کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد کیوبا پر کچھ عائد اقتصادی پابندیاں کم کی ہیں۔ امریکی وائٹ ہاؤس امریکی کانگریس سے کیوبا پر عشروں سے عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی لابینگ کر رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم صدر اوباما پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ انھوں نے کیوبا سے کچھ حاصل کیے بغیر ہی اسے بہت کچھ دے دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر جیسن ملر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیوبا حکومت سے کیوبا کی عوام اور امریکہ کی عوام جنھیں بے وقوف بنایا گیا ہے، ان کے اچھی شرائط طلب کر رہے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ کیوبا کے ساتھ تعلقات کی بحالی امریکہ کے مفاد ہے اور اسے ختم کرنے سے کیوبا کے عوام کے معاشی مسائل میں اضافہ ہو گا۔