ٹرمپ کی حلف برداری، 8 لاکھ سے زائد افراد شریک ہونگے، سکیورٹی پر 10 ارب سے زائد خرچ ہونگے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 15, 2017 | 06:56 صبح

واشنگٹن (مانیٹرنگ) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو منصب سنبھالیں گے اور اس حوالے سے ہونیوالی تقریب پر صرف سکیورٹی اقدامات کی مد میں 10 کروڑ ڈالر (10 ارب روپے سے زائد)خرچ ہوں گے۔ امریکی سکیورٹی اداروں کے اندازوں کے مطابق ملک کے 45 ویں صدر کے وائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر تقریب میں 8 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ اگرچہ ٹرمپ کی تقریب میں شرکا کی متوقع تعداد موجودہ صدر اوباما کی تقریب میں شرکت کرنیوالے افراد سے نصف سے بھی کم ہے لیکن اسکے باوجود اس تقریب کی سکیورٹی کے اخراجات سابقہ

تقاریب کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ امریکی اخبار انٹرنیشنل بزنس ٹائم کے مطابق ملک کے 12 سے زائد سکیورٹی ادارے تقریب کے مقام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اور اس وقت تک سکیورٹی انتظامات پر رقم 10 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ ہوچکی ہے جبکہ توقع ہے کہ یہ رقم آخری روز تک اس سے بھی کہیں زیادہ ہوجائیگی۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اتنے بڑے پیمانے پر اخراجات کی ایک وجہ یہ ہے کہ نومنتخب صدر کے وائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر امریکہ میں 26 احتجاجی مظاہرے بھی ہو رہے ہوں گے جن میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 40 ہزار سے زائد لوگ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کی مخالفت میں سڑکوں پر ہوں گے۔ امریکی اخبار نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریب کے موقع پر واشنگٹن میں 32 ہزار پولیس اہلکاروں کیساتھ نیشنل گارڈز کے 8 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، اسکے علاوہ 5 ہزار سکیورٹی اہلکار پوری تقریب کے دوران واشنگٹن کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔